ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی تھِنک ٹینک نے عام انتخابات 2019 میں بی جے پی کو بھاری نقصان ہونے کا کیا دعویٰ

امریکی تھِنک ٹینک نے عام انتخابات 2019 میں بی جے پی کو بھاری نقصان ہونے کا کیا دعویٰ

Sun, 23 Dec 2018 15:15:53    S.O. News Service

نئی دہلی 23/ڈسمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) پانچ ریاستوں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان، تلنگانہ اور میزورم  کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد امریکی تھنک ٹینک ’بروکنگ انسٹی ٹیوشنز‘ نے دعوی کیا ہے کہ اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوک سبھا چناؤ میں بی جے پی 179 سیٹوں پر جیت حاصل کر پائے گی اور اسے 103 سیٹوں کا نقصان ہو سکتا ہے۔ بروکنگ انسٹی ٹیوشنز نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے ووٹنگ پیٹرن اور موجودہ لوک سبھا سیٹوں کا حساب لگا کر یہ نتیجہ نکالا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بی جے پی کی اتحادی پارٹیاں بھی کئی سیٹوں پر ہار سکتی ہیں اور 28 سیٹوں پر محدود رہ سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ 2014 میں بی جے پی کو 282 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 54 سیٹوں پر جیت حاصل کی تھی۔ لیکن اس مرتبہ بی جے پی کے لئے ماحول مخالف نظر آرہا ہے۔ تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں بی جے پی کو سب سے زیادہ نقصان گجرات، مدھیہ پردیش، راجستھان اور بہار میں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

وہیں رپورٹ کے مطابق آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو 63 سیٹوں پر فائدہ ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ کانگریس کو 2014 میں 44 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ لیکن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس مرتبہ کانگریس کو کئی سیٹوں پر فائدہ ہوگا۔ اتنا ہی نہیں کانگریس کی اتحادی جماعتوں کو بھی لوک سبھا انتخابات میں فائدہ ہونے کے آثار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کانگریس کی اتحادی جماعتوں کو 56 سیٹیں حاصل ہو سکتی ہیں۔

یہاں یہ تذکرہ کرنا لازمی ہے کہ اس وقت ترنمول کانگریس، اے آئی اے ڈی ایم کے، ٹی آر ایس، سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور بیجو جنتا دل کسی بھی اتحاد میں شامل نہیں ہیں۔ جبکہ یہ تمام پارٹیاں 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد حکومت سازی میں اہم کردار میں نظر آئیں گی۔


Share: